رسائی کے لنکس

آل پاکستان مسلم لیگ کا انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان


مشرف پر تاحیات الیکشن لڑنے پر پابندی کے خلاف بائیکاٹ کا اعلان، بیلٹ پیپرز کی ترسیل شروع، انتخابی جلسوں میں شیر لانے کیخلاف شکایت اور بھی بہت کچھ ۔۔۔۔

پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف کی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ نے مشرف پر تاحیات الیکشن لڑنے پر پابندی کے خلاف عام انتخابات سے صرف ایک ہفتے قبل جمعہ کو بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ بائیکاٹ کا اعلان پارٹی کے مرکزی جنرل سیکریٹری ڈاکٹر محمد امجد نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک کیا جا رہا ہے۔ موجودہ الیکشن کمیشن کے تحت آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ممکن نہیں اس لئے آل پاکستان مسلم لیگ کے 170 امیدوار انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔

بیلٹ پیپرز کی ترسیل شروع
انتخابات اب صرف ایک ہفتے کی ہی دوری پر ہیں، اس لئے الیکشن کمیشن اپنا کام جلدی جلدی نمٹا رہا ہے۔ اس حوالے سے بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام بھی شروع ہو گیا ہے۔ بیلٹ پیپرز پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستان کے کراچی، لاہور اور اسلام آباد مراکز میں چھاپے گئے ہیں۔ ترسیل کا کام 7 مئی تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

انتخابی جلسوں میں شیر لانے کیخلاف شکایت
انتخابی جلسوں میں زندہ شیر لانے کے خلاف جنگلی حیات کے ادارے نے الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا تاہم جواب ملا کہ معاملہ ان کے دائرہِ اختیار میں نہیں آتا۔ ادارہ تحفظ ِجنگلی حیات کے مطابق جلسوں میں زندہ شیر لانے سے عوام اور شیر دونوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اس بارے میں الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ معاملہ ان کے دائرہ ِاختیار میں نہیں آتا اور اس کے لیے جنگلی حیات کے محکمے سے رجوع کیا جائے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کا انتخابی نشان شیر ہے اور انکے کچھ جلسوں میں شیر لا کر عوام کو متوجہ کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔

کراچی میں فوج کی تعیناتی شروع
عام انتخابات کے لئے سندھ اور پنجاب میں فوج کی تعیناتی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ کراچی میں فوجی دستے شہر کے مختلف علاقوں میں ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات کے دوران فو ج کو کوئیک رسپانس فورس کے طور پر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عام انتخابات کے لئے ملک بھر میں ستر ہزار فوجی اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔

جلسے پہ جلسہ: بلٹ ٹرین اور میٹرو بس چلے گی
انتخابات کے دن جوں جوں قریب آرہے ہیں، سیاسی جماعتوں کی جانب سے جاری انتخابی مہم میں بھی تیزی آ گئی ہے۔ ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم ایل ن کے رہنما نواز شریف کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آکر عوامی فلاح کے منصوبے شروع کریں گے۔ پشاور سے کراچی تک بلٹ ٹرین چلائی جائے گی جو صرف 7 گھنٹے میں ملک کے ایک کونے سے دوسرے کونے میں پہنچے گی جبکہ ملتان میں میٹرو بس سروس بھی شروع کی جائے گی۔

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے سکھر میں ہونے والے جلسے سے ٹیلیفونک خطاب میں کہا کہ جمہوریت پسند نشانے پر ہیں اور جان ہتھیلی پر رکھ کر انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ بہت جلد ملک میں غریب اور متوسط طبقے کی حکمرانی ہو گی۔

پی ٹی آئی کے لیڈر عمران خان نے ایک بار پھر اپنے مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 11مئی کو سرکس کے شیروں کے ساتھ بہت برا ہونے والا ہے۔ ایبٹ آباد میں جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہاکہ ملک میں نظریاتی سیاست واپس لا رہے ہیں۔

وزیر آباد میں جلسے سے خطاب میں جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے کہا کہ نگراں حکومت سیاسی جماعتوں کی سیکورٹی یقینی بنائے۔۔ ترازو کی حکومت کے دن قریب ہیں۔

پارٹی جھنڈے اتارلیں،طالبان کی اے این پی اور پیپلز پارٹی کو دھمکی
تحریک طالبان کی طرف سے اے این پی اور پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو ایک ہفتہ کے اندر اندر اپنے مکانوں سے پرچم، پوسٹرز اور بینرز ہٹانے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے دونوں پارٹیوں کے کارکنوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر ایک ہفتہ کے اندر اندر پارٹی پرچم، بینرز اور پوسٹرز نہ ہٹائے گئے تو پھران مکانوں کو بموں سے اڑانے کے علاوہ پرچم پوسٹرز اور بینر لگانے والوں کو اغواء کرکے ذبح کردیا جائے گا۔
XS
SM
MD
LG