رسائی کے لنکس

شام: نگران مشن اپنی حکمت عملی تبدیل کرے گا


شام میں اقوام متحدہ کے نگران مشن کے سربراہ میجرجنرل رابرٹ موڈ
شام میں اقوام متحدہ کے نگران مشن کے سربراہ میجرجنرل رابرٹ موڈ

میجرجنرل رابرٹ موڈ نے شام میں موجود اپنے 300 نگرانوں کی سلامتی سے منسلک خدشات کے پیش نظر 16 جون سے اپنے مشن کی سرگرمیاں معطل کردی تھیں۔

شام میں اقوام متحدہ کے نگران مشن کے سربراہ نے کہاہے کہ نگرانی کا عمل دوبارہ شروع ہونے کے بعد وہ اپنے معائنہ کاروں کے کام کا دوبارہ تعین کریں گے جس میں مخصوص علاقوں میں ان کا زیادہ عرصے تک ٹہرنا بھی شامل ہوگا۔

میجرجنرل رابرٹ موڈ نے جمعرات کو دمشق میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ اب اپنی ٹیم کو زیادہ پھیلاؤ سے روکنے کا وقت آگیا ہے تاکہ مختلف مقامات پر بھیجی جانے والی ٹیموں کے ارکان کی تعداد بہت ہی کم نہ ہوجائے اور یہ کہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل آئندہ دنوں میں نگران مشن کے مستقبل کے بارے میں غور کرے گی۔

ان کا کہناتھا کہ سلامتی کونسل چاہے جوبھی فیصلہ کرے لیکن بین الاقوامی کمیونٹی کی یہ ذمہ داری ہے کہ شام کے عوام کی اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے ۔ ہم اپنی آنکھیں اور کان بند نہیں رکھ سکتے اور اس بحران کے پرامن حل کے لیے ہم سیاسی مکالمے کے نئے راستوں کی تلاش جاری رکھیں گے۔

حمص کے حکومت مخالف عسکریت پسند
حمص کے حکومت مخالف عسکریت پسند


موڈ نے شام میں موجود اپنے 300 نگرانوں کی سلامتی سے منسلک خدشات کے پیش نظر 16 جون سے اپنے مشن کی سرگرمیاں معطل کردی تھیں۔

اقوام متحدہ کا کہناہے کہ حملہ آوروں نے متعدد بار ٹیم کے ارکان کو گولیوں اور بموں کانشانہ بنایا۔

توقع کی جاری ہے کہ جمعرات کو پیرس میں ترکی اور فرانس کے وزرائے خارجہ کی ملاقات کے دوران شام ایک اہم موضوع ہوگا اور اسی طرح ماسکو میں جرمنی اور روس کے وزرائے خارجہ کی ملاقات میں بھی شام کا مسئلہ زیر بحث آنے کی توقع کی جارہی ہے۔
XS
SM
MD
LG