حزب اللہ کا سرحد پر اسرائیلی فوج کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس نے سرحد کے قریب اسرائیل کی فوج کو نشانہ بنایا ہے۔
بدھ کو ایک بیان میں حزب اللہ نے کہا ہے کہ سرحد کے قریب واقع گاؤں لبونح میں اسرائیلی اہلکاروں پر مارٹر گولے اور راکٹ داغے ہیں۔
اسرائیل کی فوج نے حزب اللہ کے دعوے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
جنوبی لبنان میں جھڑپیں، اسرائیل کے تین فوجی زخمی
اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ لبنان کے جنوبی علاقوں میں اس کے تین اہلکار لڑائی میں زخمی ہوئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اہلکاروں کے زخمی ہونے کے واقعات منگل اور بدھ کو پیش آئے ہیں۔
یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ تینوں اہلکاروں کس طرح کے واقعات میں زخمی ہوئے ہیں۔
وسطی اور شمالی غزہ میں اسرائیل کی بمباری سے 18 افراد ہلاک
وسطی اور شمالی غزہ میں اسرائیل کی بمباری سے 18 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
فلسطینی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں پانچ بچے اور دو خواتین بھی شامل ہیں۔
وسطی غزہ میں بریج اور نصیرات کے پناہ گزین کیمپ اسرائیلی حملوں سے متاثر ہوئے ہیں۔
مقامی صحافیوں کے مطابق حملوں کے بعد تین بچوں سمیت نو افراد کی لاشیں الاقصی اسپتال لائے گئے ہیں۔
پاکستان کا لبنان سے 71 شہریوں کو واپس لانے کا اعلان
پاکستان کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ لبنان سے اپنے شہریوں کا اںخلا کر رہی ہے۔
کابینہ کے اجلاس کے بعد جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ حکومت لبنان میں پھنسے 71 پاکستانی شہریوں کو بذریعہ دمشق وطن واپس لا رہی ہے۔
اجلاس میں وزیر اعظم کو سرکاری حکام کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستانی شہریوں کو جنگ زدہ علاقوں سے وطن واپس لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔